ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دیدی، جیمز ونس کی نصف سنچری رائیگاں، عماد وسیم کی بھی عمدہ بیٹنگ
22 فروری 2023ء ) پی ایس ایل 8 کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دیدی ۔ کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلطانز کے اوپنر شان مسعود اور محمد رضوان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
بالخصوص شان مسعود نے جارحانہ انداز اختیار کیا جس کی بدولت سلطانز نے پاور پلے میں 50 رنز بنائے۔ شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن 51 رنز بنانے کے بعد وہ شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔ محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف سنچری داغ دی۔ انہوں نے رائیلی روسوو کے ہمراہ سنچری پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 تک پہنچا دیا۔
محمد رضوان نے 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 110 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کا آغاز شاندار رہا، ابتدائی بلے بازوں میتھیو ویڈ اور جیمز ونس نے برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ویڈ 20 رنز بنانے کے بعد 72 کے مجموعے پر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جیمز ونس نے 34 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ایسے موقع پر جہاں میچ کراچی کنگز کے حق میں دکھائی دے رہا تھا وہاں ونس رن آؤٹ ہوگئے۔
حیدر علی 12 اور شعیب ملک 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کرواسکے۔ کراچی کنگز کی ٹیم اپنے صف اول کے بولر محمد عامر کے بغیر میدان میں اتری۔ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وِنس، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، عرفان خان نیازی، بین کٹنگ، عامر یامین، محمد عمر، عمران طاہر اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ دوسری جانب ہوم ٹیم ملتان سلطانز محمد رضوان کی کپتانی میں میدان میں اتر رہی ہے جس کے دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، رائیلی روسوو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کالوس بریتھویٹ، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد الیاس اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

.jpeg)
.jpeg)
0 تبصرے